پشاور ۔ڈائریکٹریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام وادی چترال کے بلند و بالا اور خوبصورت علاقے ہرچن، لاسپور میں منعقدہ ہندوکش ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2026 کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
فیسٹیول کے آئس ہاکی مقابلوں میں ترچمیر سٹرائیکرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں اور خواتین دونوں کیٹیگریز کی ٹرافیاں اپنے نام کرلیں۔
مردوں کا فائنل سرایا شندور اور ترچمیر سٹرائیکرز کے درمیان کھیلا گیا، جس میں ترچمیر سٹرائیکرز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ اسی طرح خواتین کے فائنل میں بھی ترچمیر سٹرائیکرز کی ٹیم نے سرایا شندور اے کو شکست دے کر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانان خصوصی سیکرٹری سپورٹس خیبرپختونخوا محمد آصف اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مس شہناز، خالد خان، ڈائریکٹر آپریشنز جمشید بلوچ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس محمد آصف اور ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں سرمائی اور برفانی کھیلوں کے انعقاد کے لیے نہ صرف موزوں موسم بلکہ قدرتی علاقے اور باصلاحیت کھلاڑی بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ علاقائی،روایتی اور برفانی کھیلوں کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور یہ فیسٹیول اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبے کے تمام اضلاع کے مرد و خواتین کھلاڑیوں کو برابری کی بنیاد پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ کھیلوں کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارا جا سکےواضح رہے کہ ہندوکش ونٹر سپورٹس فیسٹیول 2026 کے آئس ہاکی مقابلوں میں مجموعی طور پر 14 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں 8 مردوں اور 6 خواتین کی ٹیمیں شامل تھی۔