اسلام آباد ۔ وفاقی وزیر داخله محسن نقوی نے غیر قانونی امیگریشن میں ملوث عناصر اور پیشہ ور بھکاری مافیا کے خلاف سخت ترین کاروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، پاکستان کے نام پر حرف آنے کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی۔
جمعہ کو وفاقی وزیر داخلہ حسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایف آئی اے کے امیگریشن ونگ کی کارکردگی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے اور کراچی و لاہور کے ڈائریکٹرز سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بیرون ملک جانے والے پیشہ ور بھکاریوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے گروہوں کے خلاف مؤثر کاروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ایئر پورٹس پر سفری دستاویزات کی سخت سکریننگ کی جائے اور چیکنگ کے نظام کو مزید جدید اور مؤثر بنایا جائے۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امیگریشن کے نظام میں شفافیت اور بہتری لانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔