لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتان سلطانز کو بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 11 میں ملتان سلطانز کے معاملات خود چلانے کا اعلان کیا تھا جب کہ اب نئی پیش رفت کے مطابق پی سی بی اب ملتان سلطانز کو بھی فروخت کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی پی سی بی کی توقعات سے بڑھ گئی، 2 نئی ٹیموں کی اچھی قیمت کے باعث اب ملتان سلطانز کو بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پی سی بی کا خیال ہے کہ ملتان سلطانز کو فروخت کرنے کے لیے اس سے بہتر وقت کوئی نہیں، ملتان سلطانز کی بھی اوپن بڈنگ ہوگی، جس کے لیے جلد اشتہار دیا جائے گا اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد جلد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق 2 فرنچائزز کی ریکارڈ فروخت اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے بعد ملتان سلطانز کو ٹیک اوور کرنے میں دلچسپی رکھنے والے فریق سامنے آئے ہیں جس کے بعد پی سی بی ملتان سلطانز کو نیلامی میں اچھی قیمت پر فروخت کرنے کے لیے پر امید ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ نیلامی میں پی سی بی نے پی ایس ایل کی دو نئی ٹیمیں فروخت کی ہیں، اس بار پی ایس ایل 11 میں 8 ٹیمیں ہوں گی جن میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیمیں شامل ہیں۔