اسلام آباد ۔ وزیر اعظم کے کو آرڈینیٹر برائے اطلاعات خیبر پختونخوا اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ ڈیٹا کمپنی بلوم برگ کی حالیہ رپورٹ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر مہر تصدیق ہے،
پاکستان میں مہنگائی میں ہونیوالی نمایاں کمی کو اب عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جارہا ہے جو ہماری معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق اختیار ولی خان نے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نومبر میں مہنگائی کی شرح 6.1 فیصد رہنے کے بعد دسمبر میں اس کا مزید کم ہو کر 5.6 فیصد پر آنا ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان میں قیمتوں کا حالیہ استحکام در حقیقت معاشی نظم وضبط کی بہتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کیلئے سب سے بڑی خوشخبری خوراک کی قیمتوں میں دباؤ کا کم ہونا ہے، جس کی بدولت فوڈ انفلیشن 3.24 فیصد کی کم ترین سطح تک گر گئی ہے،
مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی وافر دستیابی سے عوام کو براہ راست ریلیف مل رہا ہے اور ان کی قوت خرید میں بہتری آرہی ہے۔
معاشی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے اختیار ولی خان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ کو 3 سال کی کم ترین سطح پر لا کر صنعتوں کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھول دی ہیں۔
شرح سود میں 50 پیس پوائنٹس کی حالیہ کمی سے ملک میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جس سے روزگار میں اضافہ ہوگا۔