اسلام آباد ۔ پاکستانی خواتین میں منشیات کے بڑھتے استعمال کا انکشاف سامنے آیا، جس کے باعث طلاق قبل اور خود کشی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق میں خواتین میں منشیات کے بڑھتے استعمال کا انکشاف ہوا ہے
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں خواتین میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش ناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔
اجلاس کی صدارت ایکٹنگ چیئر پرسن نوشین افتخار نے کی، انھوں نے کہا پاکستان میں آئس جیسی منشیات کے استعمال کے باعث طلاق، قتل اور خود کشی کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جو ایک سنگین سماجی مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔
اجلاس کے دوران رکن کمیٹی آسیہ ناز تولی نے انکشاف کیا کہ سفید رنگ کی چاکلیٹ نما منشیات بچیوں میں استعمال ہو رہی ہے، اور وہ اس حوالے سے شواہد فراہم کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔
اس پر کمیٹی نے منشیات کے معاملے پر علیحدہ اور خصوصی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا۔ اراکین کمیٹی نے سوشل میڈیا پر ہراسانی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ سائبر کرائم سے متعلق معاملات پر ویمن کا کس کا خصوصی اجلاس بلایا جائے گا، جبکہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، بالخصوص میٹا کی انتظامیہ سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
کمیٹی نے خواتین اور بچیوں کے تحفظ کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔