وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بجے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے لیے 29 نکاتی ایجنڈا تیار کر لیا گیا ہے جب کہ کابینہ اراکین اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز کو اجلاس میں شرکت کے لیے باضابطہ مراسلہ بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں خیبرپختونخوا سیف سٹی پراجیکٹ کے لیے 3 ارب 825 ملین روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ضم شدہ اضلاع کے طلبہ کے لیے میڈیکل کالجز میں مختص کوٹہ کی منظوری بھی کابینہ کے ایجنڈے کا حصہ ہے جس سے طلبہ کی تعلیم اور مواقع میں بہتری کی توقع ہے۔
مزید برآں، اجلاس میں صوبے کے سرکاری سکولوں میں عارضی بنیادوں پر سکول سربراہان کی دوبارہ تقرری کی منظوری کے لیے ایک تجویز بھی پیش کی جائے گی۔ اس اقدام کو تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور انتظامیہ کو بہتر بنانے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صوبے کی انتظامی، تعلیمی اور ترقیاتی پالیسیوں کے حوالے سے کئی اہم فیصلے متوقع ہیں، جس کا براہ راست اثر خیبر پختونخوا کے عوام اور تعلیمی اداروں پر پڑے گا۔
اس ملاقات کو صوبے کے سیاسی اور انتظامی منظر نامے کا ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے اور عوام اور ماہرین کی توجہ اس طرف بھی مرکوز ہے کہ کابینہ کن اہم اقدامات کا اعلان کرے گی۔