کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ وہی رویہ اختیار کیا جائے جو ایم کیو ایم کے ساتھ تھا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایم کیو ایم کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور سید امین الحق کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ جیسے ملک میں ہمارے فیلڈ مارشل کے خلاف ایسی زبان استعمال کی گئی، یہ دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی ٹی آئی بیرون ملک پاکستانیوں کو گمراہ کر رہی ہے، لوگ اس بیانیے سے دور رہیں، یہ بیانیہ نہیں چلے گا، برطانیہ میں بھی پی ٹی آئی کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔
گورنر سندھ نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ وہی رویہ اختیار کیا جائے جو ایم کیو ایم کے ساتھ تھا۔ انہوں نے مذاکرات کے نام پر دکان کھول رکھی ہے۔ پی ٹی آئی سے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں۔ پی ٹی آئی کے بانی کو جیل میں اتنی سہولتیں ہیں کہ باہر آنا ہی نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ایم این ایز اور کارکنان عمران خان سے عدم دلچسپی کا اظہار کریں، وہ بھی ثابت کریں کہ وہ پاکستانی ہیں جیسا کہ ہم نے دیا ہے۔
چیئرمین ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اپنی ذاتیات سے باہر نکلیں اور عوام کے لیے آواز بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ہنگامی صورتحال سے گزر رہا ہے، حکومت مسلسل رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے، گورنر وفاق کے نمائندے ہیں، ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنا آئینی کردار ادا کریں۔