حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
چارسدہ: پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، ملزم مقتول کے قریبی رشتے دار نکلے Home / پاکستان /

چارسدہ: پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، ملزم مقتول کے قریبی رشتے دار نکلے

چارسدہ: پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا، ملزم مقتول کے قریبی رشتے دار نکلے

سٹی پولیس نے اندھے قتل کیس کی گتھی سلجھاتے ہوئے مقتول کے قریبی رشتے داروں کو گرفتار کر لیا، جنہوں نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔

دوران تفتیش پولیس کو معلوم ہوا کہ ملزم نے مقتول کے چچازاد بھائی کی ایما پر اسے اس کے اپنے پستول سے قتل کیا۔ دونوں روپوش ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واقعے کی تفصیلات کے مطابق، سٹی پولیس کو علاقہ اتمانزئی میں اندھے قتل کی واردات کی اطلاع ملی۔ ابتدائی رپورٹ میں مقتول کے چچازاد بھائی عابد شاہ ولد جعفر شاہ نے پولیس کو بتایا کہ پہلے مقتول کی موت کو ہارٹ اٹیک سمجھا گیا۔ تاہم، غسل اور کفن کے دوران خون کے نشانات دیکھے گئے، جس پر دوبارہ پوسٹ مارٹم کرایا گیا۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو آتشین اسلحے سے قتل کیا گیا تھا۔ سٹی پولیس نے نامعلوم ملزم/ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا۔

واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر (PSP) نے ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ سجاد خان کی سربراہی میں ڈی ایس پی سٹی زرداد خان، ایس ایچ او تھانہ سٹی بہرمند شاہ خان اور تفتیشی افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر روپوش ملزم/ملزمان کی گرفتاری کا ہدف دیا۔

پولیس ٹیم نے جدید تکنیکی ذرائع اور پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے کیس کا جلد سراغ لگا لیا۔ ملزمان مدثر ولد عالمگیر اور سنگین شاہ ولد مشرف ساکنان اتمانزئی کو گرفتار کر لیا گیا، جنہوں نے دورانِ تفتیش اعتراف جرم کیا۔

انٹروگیشن کے دوران ملزم مدثر نے انکشاف کیا کہ ملزم سنگین شاہ اس کا ماموں اور مقتول کا چچازاد بھائی ہے۔ سنگین شاہ نے مدثر کو یقین دلایا تھا کہ مقتول کے قتل کے بعد پوری جائیداد ان کی ہو جائے گی، اور بعد میں وہ اپنے حصے کی رقم لے لیں گے۔ اس منصوبے کے تحت، مدثر نے سنگین شاہ کے لائسنس یافتہ پستول سے مقتول کو قتل کیا۔