پرتگال سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور سعودی کلب النصر کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب میں دو لگژری ولاز خرید لیے ہیں۔
اکتوبر میں رونالڈو نے دنیا کے پہلے کھرب پتی فٹبالر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا، جب کہ ان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 1.4 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 3 کھرب 93 ارب روپے بنتی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق رونالڈو اور ان کی منگیتر جارجینا روڈریگز نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع نُجوما (Nujuma) میں دو نجی ولاز خریدے ہیں۔ یہ مقام سعودی عرب کی مین لینڈ سے تقریباً 26 کلومیٹر دور ہے، جہاں رسائی صرف چارٹرڈ کشتی یا جہاز کے ذریعے ممکن ہے، جس کے باعث یہ علاقہ انتہائی نجی اور پُرسکون سمجھا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ولا 3 بیڈ رومز پر مشتمل ہے جو خاندان کے استعمال کے لیے خریدا گیا، جبکہ دوسرا 2 بیڈ رومز کا ولا مختصر اور نجی قیام کے لیے رکھا گیا ہے۔ ان لگژری ولاز کی ابتدائی قیمت 1 کروڑ 55 لاکھ سعودی ریال بتائی جا رہی ہے، تاہم مجموعی لاگت ظاہر نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ اس لگژری ریزورٹ میں صرف 19 نجی ولاز موجود ہیں، جو عالمی معیار کے ڈیزائن، خصوصی سہولیات اور قدرتی حسن کی وجہ سے مشہور ہیں۔
ولا خریدنے کے بعد رونالڈو نے کہا کہ جب وہ اور جارجینا پہلی بار یہاں آئے تو اس جزیرے کی خوبصورتی سے فوراً ایک خاص تعلق محسوس ہوا، اور اب یہاں اپنا گھر ہونے سے وہ جب چاہیں خاندان کے ساتھ پُرسکون وقت گزار سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں سال رونالڈو نے ہمیشہ کے لیے سعودی عرب میں رہائش اختیار کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا