حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی۔ Home / سیاست /

پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی۔

ایڈیٹر - 25/12/2025
پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ موجودہ حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات میں شامل نہیں ہوگی۔ پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم نے حکومتی رویے کو سیاسی گھبراہٹ اور فکری دیوالیہ پن قرار دیتے ہوئے مذاکراتی عمل پر کڑی تنقید کی۔

شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت مذاکرات کو دوغلے پن کے لیے استعمال کر رہی ہے اور سنجیدہ سیاسی حل کے بجائے عوام کو گمراہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے معافی کا مطالبہ خود حکمرانوں کی سیاسی کمزوری کی علامت ہے اور ایسی پیشگی شرائط کے ساتھ مذاکرات کا مطالبہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت واقعی موجودہ سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کا حل نکالنا چاہتی ہے تو اسے تحریک تحفظ عین پاکستان کے پلیٹ فارم سے بات کرنی چاہیے۔ شیخ وقاص اکرم کے مطابق حکومت محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس جیسے رہنماؤں سے رابطہ کرکے سنجیدہ مذاکراتی عمل شروع کر سکتی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش تضادات سے بھری ہوئی ہے۔ ایک طرف مذاکرات کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف دھمکی آمیز زبان اور بلیک میلنگ کے الزامات لگائے جاتے ہیں جو کہ سیاسی مذاکرات کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس حکومت کے ساتھ کسی بھی حال میں مذاکرات میں حصہ نہیں لے گی۔

تحریک انصاف کے غیر قانونی مطالبات پر مذاکرات ممکن نہیں، وزیراعظم

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں تو حکومت بھی مذاکرات کے لیے تیار ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات جائز مطالبات پر ہی ہوں گے اور بلیک میلنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے سیاسی ماحول کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے جب کہ فی الحال مذاکرات کے امکانات غیر یقینی دکھائی دیتے ہیں۔