وزیر اعلیٰ خیبر پختو نخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع اللہ جان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ وفاقی حکومت جب بھی صوبہ خیبر پختو نخوا میں گورنر راج لگانا چاہے اپنا یہ شوق پورا کر لے لیکن وہ جب تک زندہ ہیں عمران خان کا ساتھ دیں گے، عمران خان کی رہائی پاکستان تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی ترجیح ہے، پچھلے انتخابات میں عمران خان کے نام پر ووٹ ملے لیکن ووٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔
وہ گزشتہ روز کوہاٹ کے نواحی علاقہ میٹھا خان میں وزیر اعلیٰ کے مجوزہ جلسہ کے سلسلہ میں کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے عمران خان کی فیملی کو منگل اور وکلاء کو جیل میں ان سے ملاقات کا حکم دیا ہے لیکن حکومت عدالت کا حکم نہیں مانتی اور نہ ہی آئین و قانون مانتی ہے بلکہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اجازت نہیں دے کر ڈرامہ بازی کر رہی ہے۔
ان حالات میں آئین اور قانون کے دائرے میں پر امن احتجاج کرنا ہمارحق ہے اور اگر قوم نکلی تو پھر کچھ بھی نہیں بچے گا۔ وفاقی حکومت صوبہ کے عوام کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں کر رہی۔ خیبر پختو نخوا میں اپنی حکومت کا ذکر کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام مرکزی وصوبائی رہنما وزیر اعلی سبیل آفریدی کے ساتھ پوری طرح متحد ہیں اور پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں۔
سہیل آفریدی ساڑھے چار کروڑ ووٹروں کا منتخب نمائندہ ہے اور بہترین طرز حکمرانی کر رہا ہے۔ کل بروز اتوار کو ہاٹ میں وزیر اعلیٰ کے مجوزہ جلسہ کی بابت انہوں نے کہا کہ کو ہاٹ پی ٹی آئی کا گڑھ ہے اور یہ تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ثابت ہوگا جس میں کو ہاٹ ڈویژن کے تمام اضلاع کے کونے کونے سے غیرت مند لوگ شرکت کریں گے اور جلسہ عام کو کامیاب بنائیں گے۔