پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ شفیع جان نے کہا ہے کہ وفاق پر مسلط کر پٹ ٹولے نے ایک ہارے ہوئے شخص کو تحریک انصاف کے خلاف بہتان تراشی کیلئے رکھا ہوا ہے۔
اختیار ولی خود ایک جعلی کو آرڈینیٹر ہے جسے عوام کسی صورت سنجیدہ لینے کو تیار نہیں، اختیار ولی ایک غیر سنجیدہ اور نا کام سیاسی کردار ہے، جو روزانہ ایک منتخب صوبائی وزیر اعلیٰ کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت پرو پیگنڈا کرتا ہے،
اختیار ولی اور اس کی جماعت خود انتشاری اور منفی سیاست کی علامت ہیں تحریک انصاف اور وزیر اعلی محمد سہیل آفریدی کے خلاف اختیار ولی کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ نوشہرہ کے باشعور عوام نے جعلی کو آرڈینیٹر کو مسترد کر کے اس کی سیاسی حیثیت واضح کر دی ہے۔
عوام کی جانب سے مسترد ہونے کے بعد اب وہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف الزام تراشیوں میں مصروف ہے،
انھوں نے اختیار ولی کو مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی کے خلاف زہرا گلنے کے بجائے امیر مقام کا مقابلہ کریں کیونکہ امیر مقام نے انھیں اپنے ویلج کونسل میں پارٹی کا صدر بھی بنے نہیں دیا مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے۔
شفیع جان نے کہا کہ ن لیگ کی غلط معاشی پالیسیوں نے ملک کو شدید معاشی عدم استحکام سے دو چار کر دیا ہے۔ دہائیوں تک اقتدار میں رہنے کے باوجود ن لیگ ہر بار آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور نظر آتی ہے۔
ملک کو ترقی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وفاقی حکومت کے پاس نہ کوئی واضح وژن ہے اور نہ ہی کوئی مربوط حکمت عملی ،
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح اور معیشت کی بہتری کے بجائے اپنی کرپشن چھپانے پر مرکوز ہے۔ پاکستانی عوام باشعور ہیں اور روزانہ کی جھوٹی اور من گھڑت پریس کانفرنسوں کے ذریعے قوم کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔
شفیع جان نے کہا کہ بانی چیئر مین عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختو نخوا محمد سہیل آفریدی نے مسلم لیگ (ن) کی نیند یں حرام کر دی ہیں۔ ملک پر قابض سیاسی ٹولے نے پی ٹی آئی کے خلاف ظلم، جبر اور فسطائیت کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔
گزشتہ رات اڈیالہ جیل کے باہر شدید سردی میں علیمہ خان، پارٹی کارکنان اور پارلیمنٹرینز پر واٹر کین کا استعمال اس فسطائی طرز عمل کا واضح ثبوت ہے، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں۔
وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیوں کے باعث عوام دن بدن غریب سے غریب تر جبکہ وفاق اور پنجاب پر مسلط جعلی حکمران مزید امیر ہوتے جارہے ہیں، جو اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا کر پٹ ٹولہ قومی خزانے کو گدھ کی طرح نوچ رہا ہے۔