لاہور ۔ پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں ایک سیاسی جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں کارکن کے گھر آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس وقت خطر ناک دور سے گزر رہا ہے، پاکستان میں دہشت گردوں کو ہمسایہ سے سہولت کاری مل رہی ہے، ہم اپنے ملک اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت ایسی سیاسی قوتیں ہیں جو دن رات افواج کی قیادت کے خلاف سازشیں بنتی ہیں، ایسی جماعتیں سیاست سیاسی دائرہ کار میں رہ کر کریں اس وقت ایک جماعت سیاسی دجال کا کام کر رہی ہے،
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پہلی بار الیکشن کمیشن پر نہ اپوزیشن جماعتوں کا اعتماد اور نہ اتحادی جماعت کا اعتماد ہے، جو پی ٹی آئی خود حالات پیدا کر رہی ہے اس سے تو پابندی لگے گی، کوئی جا کر بانی پی ٹی کو سمجھائے کہ سیاست کریں ۔
انکا کہنا تھا کہ کے پی کے کی حکومت اگر ہمیں مجبورا کرے گی ، اپنی فوج کو دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی بجائے واپس بھیجے گی تو پھر کیا ہوگا، پی ٹی آئی کے اپنے ایکشن اس کو پابندی کی طرف لے جارہے ہیں ،
کے پی میں گورنر راج لگانا میرا یا میری پارٹی کا مطالبہ نہیں ہے، میں کسی سیاسی پارٹی پر پابندی کے حق میں بھی نہیں ہوں، سیاسی پارٹی کو کے پی میں اپنا رویہ بہتر کرنا ہوگا، کے پی میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں خلل ڈالا تو مسائل بنیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کے پی کی سیاسی جماعت دہشت گردوں کی سہولت کار بنی، فوجی انخلا کی کوشش کرے گی تو گورنر راج مجبوری بن جائے گا، کے پی میں جنگی
حالات پیدا ہوتے جارہے ہیں۔