اسلام آباد (عبدالغفار خان)
مصحف اسکواش کمپلیکس اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر اسٹاف – سیرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2025 کا شاندار فائنل مقابلہ اور اختتامی تقریب اج منعقد ہوئی۔ یہ ایونٹ پاکستان اسکواش فیڈریشن اور سیرینا ہوٹلز کے اشتراک سے 24 سے 28 نومبر تک جاری رہا، جس میں سات پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ چیک ریپبلک، مصر، ہانگ کانگ، جاپان، ملائیشیا اور سوئٹزرلینڈ کے 17 عالمی رینکنگ کے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
سیرینا ہوٹلز نے اپنی اسپورٹس ڈپلومیسی انیشیٹو کے تحت اس بات کو ایک بار پھر مؤثر انداز میں اجاگر کیا کہ کھیل قوموں کو قریب لانے اور پاکستان کو عالمی اسپورٹس میپ پر نمایاں کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اس ایونٹ نے نہ صرف پاکستان کی میزبانی کے اعلیٰ معیار کو دنیا کے سامنے پیش کیا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار پر کھیلنے کا بہترین موقع بھی فراہم کیا۔
فائنل آج پاکستان کے دو ابھرتے ہوئے اسٹارز نور زمان اور محمد حمزہ خان کے درمیان کھیلا گیا جو ایک سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلہ ثابت ہوا۔ ورلڈ نمبر 43 نور زمان نے دو گیمز کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے ورلڈ نمبر 101 حمزہ خان کو 2-3 سے شکست دے کر چیمپئن شپ ٹائٹل اپنے نام کیا۔ گیم اسکور 9-11، 7-11، 11-7، 11-4، 11-8 رہا، جبکہ میچ کا دورانیہ 46 منٹ رہا۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر پاکستان اسکواش فیڈریشن ایئر مارشل قاظم حماد تھے۔ انہوں نے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور سووینئرز تقسیم کیے۔ ایئر وائس مارشل سہیل اکبر، سیرینا ہوٹلز کے چیف آپریٹنگ آفیسر فہیم انعام، اسکواش لیجنڈ قمر زمان، ڈاکٹر ریاض خان، عدنان اسد سمیت کھیلوں سے محبت رکھنے والے شائقین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
نور زمان کی یہ شاندار کامیابی پاکستان اسکواش کے مستقبل کے لیے امید کی نئی کرن ہے، جبکہ اس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ پاکستان عالمی معیار کے کھیلوں کی میزبانی کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔