باجوڑ میں ایم پی اے و سابق صوبائی وزیر انورزیب خان کی رہائش گاہ پر بزدلانہ ڈرون حملے پر پاکستان تحریک انصاف کا مذمتی بیان
پاکستان تحریک انصاف باجوڑ میں اپنے سینئر رہنما، سابق صوبائی وزیر اور موجودہ ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی انورزیب خان کی رہائش گاہ انصاف ہاؤس راغگان پر ہونے والے بزدلانہ ڈرون حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
یہ حملہ صرف ایک منتخب عوامی نمائندے پر نہی بلکہ دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑے ایک ایسے بہادر شخص پر حملہ ہے جس نے اپنی پوری سیاسی زندگی میں خوف کے آگے جھکنے سے انکار کیا۔
انورزیب خان پچھلے سال 4 اکتوبر کو اسلام آباد مارچ کے دوران گرفتار ہوئے اور اسکے بعد 26 روزہ غیرقانونی قید بھی برداشت کر چکے ہیں، اسلام آباد–پنڈی کے راستے جب انہیں عدالت میں پیش کیا جا رہا تھا تو انکی پولیس وین پر بھی حملہ ہوا تھا۔ یہ وہی شخص ہے جس نے اپنے علاقے میں ہر قسم کے امن جرگے کو منظم کیا اور حمایت کی ۔
سابق وزیراعظم عمران خان ہمیشہ ڈرون حملوں کی پالیسی کے خلاف رہے ہیں اور آج ایک بار پھر ڈرون حملے کی کارروائی ہمارے عوامی نمائندوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اس حملے میں انورزیب خان کا ایک ملازم زخمی ہوا، جس کی بھی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور انکی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔
خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت ایم پی اے انورزیب خان کی فول پروف سیکیورٹی کیلئے تمام ضروری اقدامات کریگی۔
پاکستان تحریک انصاف یہ پیغام دیتی ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے نہ پہلے ہمیں خوفزدہ کر سکے تھے، نہ اب کریں گے۔
منجانب
مرکزی شعبہ اطلاعات
پاکستان تحریک انصاف