اسلام آباد ۔ پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی دونگ نے کہا ہے کہ چین سی پیک فیز ٹو کے تحت پاکستان کی صنعتی ترقی، زرعی جدت اور بڑے رابطہ کاری منصوبوں کے فروغ کیلئے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے ان شعبوں کو پاکستان کی طویل المدتی معاشی بحالی کا بنیادی ستون قرار دیا۔ گوادر پرو کے مطابق اسلام آباد میں علاقائی روابط کی نئی جہتیں : پاک چین دوستی اور نیا جیواکنا مک منظر نام کے عنوان سے منعقدہ پالیسی ڈائیلاگ سے ویڈیو خطاب میں سفیر نے بتایا کہ چین اہم پیداواری شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چین عنقریب دو بڑے صنعتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرے گا جن میں 400 ملین ڈالر مالیت کا ہائر ہوم اپلائنسز انڈسٹریل پارک شامل ہے، جو سالانہ ایک کروڑ یونٹس تیار کرے گا۔ اسی طرح 150 ملین ڈالر کا چیلنج گروپ ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک متوقع طور پر 400 ملین ڈالر کی سالانہ برآمدات پیدا کرے گا۔ سفیر نے کہا کہ یہ منصوبے پاکستان کی برآمدی استعداد میں اضافہ، روزگار کے مواقع اور اعلیٰ قدر کی مقامی پیداوار کوفروغ دیں گے۔