پشاور میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے شہدا کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کے ہمراہ شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بہادر سپوت قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیاں دہشتگردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شہدا کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی، دلی تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وطن کی سلامتی کے لیے جان قربان کرنے والے یہ جوان پوری قوم کے ہیرو ہیں۔
نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری کے علاوہ آئی جی ایف سی نارتھ میجر جنرل راؤ عمران سرتاج، چیف سیکریٹری شہاب علی شاہ، آئی جی پولیس زلفقار حمید، کمانڈر 102 بریگیڈ سمیت دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔ شرکائے تقریب نے شہدا کی خدمات، بہادری اور ایف سی کے کردار کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔