عوامی نیشنل پارٹی پشاور میں فرنٹیئر کور ہیڈکوارٹرز پر بزدلانہ اور بہیمانہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ سفاک حملہ صوبے کو غیر مستحکم کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی منظم سازش ہے، جو خیبر پختونخوا میں قیامِ امن، سلامتی اور قانون کی بالادستی پر براہِ راست حملے کے مترادف ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی اُن بہادر ایف سی اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے حملہ آوروں کا دلیری سے مقابلہ کیا۔ ان جوانوں کی جرأت، ثابت قدمی اور جانوں کا نذرانہ غیر معمولی عزت و احترام کا مستحق ہے۔ شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں۔
ایسے حملے اُس المناک تسلسل کا حصہ ہیں جس کا سامنا خیبر پختونخوا کے عوام کو طویل عرصے سے ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کے خلاف دو ٹوک مؤقف اپنایا ہے اور واضح کیا ہے کہ بے گناہ انسانی جانوں کے قتل کیلئے کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ریاست کو چاہئے کہ اس خوفناک واقعے کے محرکین، سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو قرارِ واقعی سزا دلانے کیلئے فیصلہ کن اقدامات کرے۔
وفاقی اور صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں اور زخمی اہلکاروں کیلئے مکمل معاونت، معاوضے اور بہترین دیکھ بھال کو یقینی بنائے۔ صوبے کا امن و استحکام ایک متحد، مضبوط اور شفاف قومی ردعمل کا تقاضا کرتا ہے، کیونکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اجتماعی عزم اور یکجہتی کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی۔
انجینئر احسان اللہ خان
مرکزی ترجمان عوامی نیشنل پارٹی