قومی اسمبلی کے 6 اور پنجاب اسمبلی کے 7 حلقوں میں آج ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں اور پولنگ کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
ہری پور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا، میانوالی اور مظفر گڑھ میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور انتخابی سامان پہنچا دیا گیا ہے۔پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی، شہری اپنے من پسند امیدواروں کے ناموں پر مہر ثبت کریں گے۔
2792 پولنگ اسٹیشنز میں سے 408 کو انتہائی حساس اور 1032 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے لیے 20 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
این اے 18 ہری پور میں ضمنی انتخاب میں 9 امیدوار میدان میں ہیں۔ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز، مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان اور پیپلز پارٹی کی ارم فاطمہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔یہ نشست 9 مئی کے کیس میں پی ٹی آئی کے عمر ایوب کی سزا اور نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 96 میں 16 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے طلال بدر چوہدری 15 آزاد امیدواروں سے مقابلہ کریں گے۔ یہ نشست پی ٹی آئی کے رائے حیدر علی کھرل کی نااہلی سے خالی ہوئی تھی۔
فیصل آباد کے حلقہ این اے 104 میں مسلم لیگ ن کے راجہ دانیال اور 4 آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ یہ نشست سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا کو 9 مئی کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے باعث خالی ہوئی تھی۔
این اے 185 ڈیرہ غازی خان میں 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ ن کے محمود قادر لغاری اور پیپلز پارٹی کے سردار دوست محمد کھوسہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔
یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل وزیر کی 9 مئی کے کیس میں سزا اور نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔