حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام پیر خیل میں رنگین ماښام مشاعرہ کا انعقاد Home / پاکستان /

پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام پیر خیل میں رنگین ماښام مشاعرہ کا انعقاد

ایڈیٹر - 22/11/2025
پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن کے زیر اہتمام  پیر خیل میں رنگین ماښام مشاعرہ کا انعقاد

پیر خیل میں پختون سٹوڈنٹ فیڈریشن (PSF) کے زیر اہتمام "رنگین ماښام" کے عنوان سے ایک منفرد اور شان دار مشاعرہ منعقد ہوا، جس میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع کے نامور شعراء کرام نے شرکت کی۔ اس ادبی محفل نے علاقے کے ماحول کو خوشگوار بنانے کے ساتھ ساتھ پختون تہذیب، ثقافت اور امن کے فروغ کا خوبصورت پیغام بھی دیا۔

مشاعرے کی صدارت پی ایس ایف ملاکنڈ کے صدر سلیمان نے کی، جبکہ پروگرام کے مہمانِ خصوصی ممتاز شاعر و استاد پروفیسر بخت زادہ دانش تھے۔ اس موقع پر سابق ضلعی صدر اعجاز علی خان اور پی ایس ایف کے صوبائی جائنٹ سیکرٹری کاشف ایوب نے بھی خطاب کیا اور طلبہ تنظیم کی ادبی و ثقافتی سرگرمیوں کو سراہا۔

تقریب میں درماں، نیازی خان اوتر صیب، پروفیسر اقبال شاکر سمیت دیگر ممتاز شعراء نے اپنی خوبصورت غزلیں، نظمیں اور کلام سنائے جنہیں سامعین کی جانب سے خوب داد ملی۔ مشاعرے کے دوران ادبی ماحول، روایتی پشتون لباس اور پختون ثقافت کی جھلک نمایاں رہی جس نے پروگرام کو یادگار بنا دیا۔

ویلج ناظم ابرار خان خیل، صفدر ناظم جہان بادشاہ اور دیگر اے این پی قائدین نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ خراب حالات اور معاشرتی بے چینی کے دور میں ایسے ادبی و ثقافتی پروگراموں کا انعقاد نہ صرف امن کے فروغ میں مددگار ہے بلکہ پختون نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف لانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

شرکاء نے پی ایس ایف کی اس کاوش کو علاقے میں علم، ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے انتہائی حوصلہ افزا قدم قرار دیا۔ مشاعرہ نہ صرف ایک ادبی تقریب ثابت ہوا بلکہ پختون معاشرے کی خوبصورت روایات اور امن دوستی کا عملی اظہار بھی تھا۔