ضلع بھر میں منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کو اس ناسور سے محفوظ رکھنے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ کی خصوصی ہدایت پر اینٹی ڈرگ اسپیشل مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جنہیں مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔مہم کے پہلے روز تھانہ سالارزئی پولیس نے پشت بازار اور قریبی مضافاتی علاقوں میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد مقامات پر اچانک چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران مشکوک افراد کو حراست میں لے کر انٹروگیٹ کیا گیا اور مختلف شواہد اکٹھے کیے گئے۔
اس حوالے سے ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق کا کہنا تھا کہ منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جائے گا۔ جن علاقوں میں منشیات فروشی کی اطلاعات موصول ہوئیں وہاں بلا تاخیر کارروائی ہوگی۔ نوجوان نسل کو محفوظ بنانے کیلئے پولیس ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ منشیات فروشوں اور مجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی کیلئے پولیس سے اپنی معلومات شیئر کرتے رہیں۔ عوامی تعاون کے بغیر اس مہم کو کامیاب بنانا ممکن نہیں