اسلام آباد ۔ پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے برطانوی جریدے دی اکانومسٹ سے فوری طور پر عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں وہ تمام ملوث فریقین کے خلاف تمام دستیاب قانونی راستے اختیار کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی سے متعلق دی اکانومسٹ میں شائع ہونے والے مضمون پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حقائق کو غلط انداز میں پیش کرنے کی اس کوشش کا مقصد پاکستان یا اس کے عوام کو آگاہ کرنا نہیں ہے بلکہ سیاسی انتقام کا جواز پیش کرنا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، معاشی تباہی ، آئینی خلاف ورزیوں اور منتظم طریقے سے چوری شدہ انتخابات کے حقیقی بحرانوں سے توجہ ہٹاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ حیرت انگیز بات عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کونشانہ بنانا ہے جو دوسال تین ماہ سے قید ہیں جبکہ مضمون میں پاکستان میں گزشتہ تین سال اور سات ماہ سے جو کچھ ہو رہا ہے اس پر خاموشی اختیار کی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف مقدمات منصفانہ نہیں ہیں۔ یہ جیل کے اندر چلائے جا رہے ہیں اور انھیں بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے، جن میں عدالتی احکامات کے باوجود، اہل خانہ، دوستوں اور قانونی مشیر سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔