پشاور ۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخو اسہیل آفریدی نے پیر کے روز فرنٹیئر ویمن کالج پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انصاف فیمیل ایجوکیشن کارڈ کے تاریخی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا۔ منصوبے کے تحت صوبے کے سرکاری کالجز کی انٹر میڈیٹ سطح کی 55 ہزار سے زائد طالبات اور یتیم طلبہ کو مفت اعلی تعلیم کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ خواتین کو اعلی تعلیم کے ذریعے با اختیار بنانا صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین ایک مضبوط ، خوشحال اور باشعور معاشرے کی ضامن ہوتی ہیں، اور یہی وژن پاکستان تحریک انصاف کی پالیسیوں کی بنیاد ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے تقریب میں ایم ڈی کیسٹ ٹیسٹ پاس کرنے والے یتیم طلبہ کیلئے بھی مفت اعلی تعلیم کی فراہمی کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت یتیم بچوں اور مستحق طالبات کی تعلیمی معاونت کیلئے جامع اور پائیدار اقدامات کر رہی ہے تا کہ کوئی باصلاحیت طالب علم وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ انصاف فیمیل ایجو کیشن کارڈ حقیقی معنوں میں صنفی مساوات ، سماجی انصاف اور خواتین کے تعلیمی حقوق کی علامت ہے۔
وزیر اعلی نے تقریب کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بیچلر اور ماسٹر ڈگری ہولڈرز کیلئے انٹرن شپ پروگرام جلد از جلد شروع کیا جائے ، تاکہ نو جوانوں کو عملی تربیت اور روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جاسکیں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خواتین کی تعلیم کے فروغ کیلئے مزید فنڈ مختص کیے جائیں گے، انہوں نے واضح کیا کہ اس مقصد کیلئے اساتذہ کی 3086 آسامیوں کی منظوری دی جا چکی ہے جن پر جلد بھرتی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ٹیلنٹ ہنٹ پالیسی پر بھی کام کر رہی ہے۔ کوئی بھی نوجوان مرد یا خاتون کے پاس ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ کسی وجہ سے اوپر نہیں آرہا تو صوبائی حکومت اس کو سپانسر کرے گی۔