اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ضلع کچہری میں ہونے والے خود کش دھماکہ کے بعد آج ملک بھر میں بارایسوسی ایشنز کا عدالتی بائیکاٹ اور ہڑتال جاری ہے، اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس آج مکمل طور پر بند رہے گا، بار کی جانب سے وکلاء، سائلین اور کلرکس کو کچہری نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بارایسوسی ایشنز کا عدالتی بائیکاٹ اور ہڑتال کے باعث ضلعی بار عہدیداروں کی جانب سے وکلاء کو آج گھروں میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے، یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والے خودکش حملے کے تناظر میں 3 روزہ سوگ اور ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ اسلام آباد بار کونسل نے بھی افسوسناک واقعے پر 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کی اپیل پر آج ضلع کچہری میں ہڑتال جاری ہے، جہاں وکلاء نے بطور احتجاج و سوگ عدالتوں کا بائیکاٹ کیا ہے۔