اسلام آباد ۔ سینٹر ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی قانون نہیں ہوگا جس سے صوبوں کا اختیار کم ہوگا۔ چیئر مین سینٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نام ہی بلدیات کا ہے، ملک کو بہترین بلدیاتی نظام دیں، عوام کی بہتری کیلئے حکومت نیا قانون یا آئین لاتی ہے۔ ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ہم آئے اس وجہ سے ہیں کہ آئین و قانون سازی میں حصہ لیں ، ہم ہر چیز کی مخالفت نہیں کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین وقانون کی بحث میں شرکت کرنا لازمی ہے، جو گزارشات اور تجاویز سامنے آئی ہیں کھل کر حمایت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو یقین دلاتا ہوں جہاں ہماری رائے کا احترام ہو گا وہاں رائے دیں گے۔
ایمل ولی خان نے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم میں جن نکات پر ہمیں اعتراض تھا، وہ نکال دیے گئے ہیں، اس لیے اب ہم اس ترمیم کو تسلیم کرتے ہیں۔ اس میں عوام کے نقصان کی کوئی بات نہیں ہے۔ لیکن یہاں ایک ایسا نظریہ موجود ہے جس کی سوچ صرف ایک قیدی کی رہائی تک محدود ہے۔ اسے نہ پاکستان کی فکر ہے، نہ پختونخوا کی وہ تو کہتے ہیں کہ ہمیں تو عمران سے عشق ہے!
یہ یقین رکھیں کہ ہمارے ہوتے ہوئے جو بھی قانون آئے گا، ہم اسے عوام کی بہتری اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے منظور کریں گے۔ پختونخوا کے نام پر جو بھی قدم اٹھایا جائے گا، وہ عوام کے مفاد میں ہوگا اور ہمیں یقین ہے کہ کامیاب ہوگا۔ ہم تو اپنی قوم کے لیے نام تلاش کر رہے ہیں ہم نے پختونخوا اور صوبائی خودمختاری کے لیے ۸۰ سال طویل تحریک چلائی ہے۔