پشاور ۔ صوبے میں آئس نشے کی عفریت سے نوجوان نسل کو بچانے اور اس کے بڑھتے ہوئے خطرے کے تدارک کے لیے محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے ایمر جنسی بنیادوں پر کاروائیاں شروع کر دی گئی ہیں جسکے سلسلے میں پشاور میں ایک اہم کارروائی کے دوران تعلیمی اداروں کے طلباء کو آئس فراہم کرنے والے گروہ کے سرغنہ سمیت تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ EIB سکواڈ نے حیات آباد کے علاقے شاکس مدرسہ کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے طلباء کو آئس سپلائی کرنے والے ملزمان طارق، ابراہیم اور سعود رشید کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 500 گرام آئس بر آمد کر لی۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ ایکسائز خیبر میں درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ صوبائی وزیر سید فخر جہان نے معاشرے سے آئس کے سماجی زہر کے خاتمے کے لیے کسی قسم کی نرمی با رعایت نہ برتنے کے واضح احکامات محکمہ کو جاری کیئے ہیں اور اس سلسلے میں محکمہ ایکسائز کو نو جوان نسل کے تحفظ کیلئے پہلی دفاعی اور ایکشن لائن کےطور پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے جبکہ محکمہ کو اس ناسور کے حوالے سے پندرہ روز کا ڈیڈ لائن بھی دیا ہے۔