خیبر پختونخوا کے مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور پر مشتمل وفد کا ایف پی سی سی آئی فاٹا۔پاٹا چیئرمین حاجی لعلی شاہ کی قیادت میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (نارتھ) میجر جنرل راؤ عمران سرتاج سے ملاقات۔
خیبر پختونخوا کے مختلف چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدور پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور (نارتھ) سے تفصیلی ملاقات کی۔ وفد میں ایف پی سی سی آئی فاٹا۔پاٹا چیئرمین باجوڑ چیمبر کے صدر حاجی لعلی شاہ،خیبر چیمبر کے گروپ لیڈر سید جواد حسین کاظمی، صدر خیبر چیمبر حاجی محمد یوسف آفریدی، صدر شمالی وزیرستان چیمبر حاجی قدیر اللہ وزیر، صدر مہمند چیمبر حاجی امیر محمد خان، سابقہ صدر خواجہ عبدالقدوس، صدر ملاکنڈ چیمبر انعام اللہ خان، صدر لوئر دیر چیمبر سید نور عالم باچا، صدر کرم چیمبر حاجی نیاز محمد، سابقہ صدر سوات چیمبر یوسف علی، ایگزیکٹیو ممبر باجوڑ چیمبر عثمان شاہ،سید علی حماد کاظمی، علی فیصل، اور ابوبکر شاہ شامل تھے۔
ملاقات میں نواپاس، طورخم، خرلاچی، غلام خان اور انگور اڈہ سمیت اہم بارڈر پوائنٹس پر تجارتی سرگرمیوں کی بحالی اور فروغ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے آئی جی ایف سی سے مطالبہ کیا کہ وہ پاک افغان سرحدی تجارت کے احیاء میں فعال کردار ادا کریں کیونکہ ان راستوں سے تجارت کا بحال ہونا قبائلی اضلاع کے عوام کے روزگار اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے۔
وفد نے سابقہ فاٹا و پاتا کے لیے ٹیکس استثنیٰ برقرار رکھنے، چیمبرز اور متعلقہ سرکاری اداروں پر مشتمل “بارڈر لائژن کمیٹی” کے قیام، اور ضلعی سطح پر چیمبرز کے لیے دفاتر کی فراہمی جیسے اہم معاملات پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
اس موقع پر مائننگ کے مسائل، لیزز کے اجرا، اور کاروباری طبقے و چیمبرز عہدیداران کی سکیورٹی کے تقاضوں پر بھی بات چیت ہوئی۔ وفد نے زور دیا کہ سکیورٹی اداروں اور کاروباری طبقے کے درمیان مضبوط روابط تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
مزید برآں، وفد نے سرحدی علاقوں میں اکنامک زونز کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں، برآمدات میں اضافہ ہو اور قانونی تجارت کو فروغ ملے۔
آئی جی ایف سی (نارتھ) نے کاروباری برادری کے مثبت کردار کو سراہا اور یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو حل کرنے کے لیے بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت قومی معیشت کو مستحکم کرنے اور ضم شدہ اضلاع کے معاشی حالات بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
ملاقات کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ایف سی حکام اور چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی روابط کو جاری رکھا جائے گا تاکہ خطے میں امن، ترقی اور معاشی خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئ جی ایف سی نارتھ نے ایف پی سی سی آئی فاٹا۔پاٹا چیئرمین حاجی لعلی شاہ کو شیلڈ پیش کیا۔