حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ۔ اسلام آباد نے ملتان کو 10 وکٹوں سے ہرادیا Home / کھیل /

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ۔ اسلام آباد نے ملتان کو 10 وکٹوں سے ہرادیا

سعد بیگ کی دونوں اننگز میں سنچریاں

ایڈیٹر - 07/11/2025
قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ ۔ اسلام آباد نے ملتان کو 10  وکٹوں سے ہرادیا

اسلام آباد 7 نومبر ۔ قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے چھٹے  راؤنڈ کے تیسرے  دن  اسلام آباد نے ملتان کو 10  وکٹوں سے شکست دے دی۔

کراچی بلوز کے سعد بیگ نے پشاور کے خلاف میچ کی دونوں اننگز میں سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں ایبٹ آباد نے فاٹا کے خلاف پہلی اننگز میں  8 وکٹوں پر 424  رنز بنائے تھے۔ شاہ زیب خان نے2 چھکوں اور 20 چوکوں کی مدد سے  167 رنز سکور کیے۔خالد عثمان نے 50 رنز ناٹ آؤٹ سکور کیے۔

آصف آفریدی نے 127 رنز دے کر 7  وکٹیں حاصل کیں۔

عمران خان سٹیڈیم پشاور میں ملتان کی ٹیم اسلام آباد کے خلاف دوسری اننگز 172  رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔علی عثمان نے 46 رنز بنائے۔ شایان شیخ نے چار اور حنین شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اسلام آباد کو جیتنے کے لیے صرف10  رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔حنین شاہ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

مرغزار کرکٹ گراؤنڈ میں کراچی بلوز نے پشاور کے خلاف دوسری اننگز 283 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیر کردی۔

سعد بیگ نے بارہ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے116  رنز بنائے۔

انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں بھی 109 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

شان مسعود نے 101 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی۔

پشاور کو جیتنے کے لیے510  رنز کا ہدف ملا ہے۔ کھیل ختم ہونے پر اس نے 4 وکٹوں پر 92  رنز بنائے تھے۔چاروں وکٹیں محمد حمزہ نے حاصل کیں۔

ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم  میں سیالکوٹ نے بہاولپور کے خلاف پہلی اننگز میں ایک  وکٹ  پر  375 رنز بنائے تھے۔ محمد ہریرہ نے 178  اور اذان اویس نے 156  رنز  ناٹ آؤٹ  سکور کیے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 326  رنز کا اضافہ کیا۔