سوات (بیورو رپورٹ) سوات پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں کانجو میں امن کمیٹی کے سابق رکن مفتاح الدین عرف میتا کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم محمد بادشاہ ولد بحری بوستان ساکن تیلی آباد کانجو کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمرگنڈاپور نے ڈی ایس پی کبل امجدعلی اور ایس ایچ اوتھانہ کانجو زاہداللہ کے ہمراہ میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ دو روز قبل 4 نومبر 2025 کو تھانہ کانجو کی حدود میں شہید بابا گورنمنٹ پرائمری اسکول کے قریب نامعلوم حملہ آور نے مفتاح الدین پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ طور پر شواہد اکٹھے کیے اور جدید ٹیکنیکل ذرائع، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور خفیہ معلومات کی مدد سے مشتبہ افراد کو حراست میں لیا۔
دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ مقتول کے ساتھ مالی لین دین کا تنازعہ چل رہا تھا، جس میں مرغ ڈیلر انور خان سے ایک لاکھ چھیاسی ہزار روپے مالیت کی مرغیاں لی گئی تھیں جن کی ادائیگی کی ذمہ داری اُس نے خود لی تھی، تاہم رقم واپس نہ کرنے پر تلخ کلامی کے بعد اُس نے غصے میں آکر مفتاح الدین کو شہید بابا اسکول کے قریب فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر آلۂ قتل برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔