حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
اپر چترال کے دور افتادہ علاقہ مستوج میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا عوامی آگاہی سیشن و کھلی کچہری کا انعقاد Home / پاکستان /

اپر چترال کے دور افتادہ علاقہ مستوج میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا عوامی آگاہی سیشن و کھلی کچہری کا انعقاد

ایڈیٹر - 06/11/2025
اپر چترال کے دور افتادہ علاقہ مستوج میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا عوامی آگاہی سیشن و کھلی کچہری کا انعقاد

وفاقی اداروں کے خلاف عوامی شکایات کے حل اور آگاہی کے لیے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس سوات کی جانب سے تحصیل مستوج میں ایک پُرمغز کھلی کچہری و عوامی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

 تقریب کی صدارت ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ  محمد مشتاق خان جدون اور ریجنل ہیڈ ڈبلیو ایم ایس آر او سوات  ثناء اللہ خان نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان ، ڈسٹرکٹ پولیس افسر اپر چترال حمید اللہ، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج افضل علی، ویلج کونسل چیئرمین حضرات، لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان /افسران، عمائدین علاقہ، معززین، اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ 

ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے کی یقین دہانی کرائی۔ ریجنل ہیڈ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے کہا کہ ادارہ 1983 سے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت کام کررہا ہے اور ملک بھر میں 600 سے زائد وفاقی اداروں کے خلاف شکایات کے شفاف ازالے کے لیے مؤثر نظام تشکیل دیا گیا ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ عوام اپنی شکایات ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، ویلج کونسل سیکرٹری اور ٹی ایم او آفس کے ذریعے جمع کرا سکتے ہیں جنہیں ایم آئی ایس سسٹم کے ذریعے ٹریک کر کے درخواست دہندہ کو ہر مرحلے پر آگاہ رکھا جائے گا۔
دورانِ کھلی کچہری عوام نے علاقے کے اہم مسائل پیش کیے جن میں نادرا آفس میں سروس کے پیچیدہ عمل کو آسان بنانا، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفافیت اور دوبارہ سروے کرنا، بیت المال آفس کا قیام اور فنڈز تک عوامی رسائی، ٹیلی کام نیٹ ورکس کی کارکردگی میں بہتری، 4G سروس کی فراہمی، پل ی،ٹی،سی،ایل نیٹ ورک کے مسائل کا حل، این ایچ اے کی روڈ پراجیکٹس میں تاخیر کے خاتمے اور مستوج میں پاسپورٹ و پوسٹ آفس کے قیام جیسے اہم مطالبات شامل تھے۔


عوامی نمائندوں نے اس موقع پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی عوامی آگاہی سیشنز سے عام شہریوں کے مسائل براہ راست اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں مدد ملتی ہے۔ ریجنل ہیڈز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ موصول ہونے والی تمام شکایات کو تحریری طور پر ریکارڈ میں لا کر شفاف، مؤثر اور مقررہ وقت کے اندر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں سفارش یا رشوت کی کوئی گنجائش نہیں بلکہ صرف عوامی خدمت اور انصاف کا بول بالا ہے۔