اے این پی نے مولانا خانزیب شہید کے مبینہ قاتل کی ہلاکت سے متعلق حکومتی دعویٰ مسترد کر دیا
پشاور( پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی حکومت کے اس دعوے کو مسترد کرتی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ مولانا خانزیب شہید کے قاتل کو ایک کارروائی کے دوران ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ترجمان انجینئر احسان اللہ خان نے کہا کہ مولانا خانزیب شہید کے حوالے سے اے این پی کا مؤقف روزِ اول سے بالکل واضح ہے۔ مرکزی صدر ایمل ولی خان صاحب نے سینیٹ کے فلور پر ایک آزاد جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا تھا، لیکن چار ماہ گزر جانے کے باوجود اس مطالبے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔اگر ریاست ہمارے شہداء کو انصاف فراہم نہیں کر سکتی تو کم از کم قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کرے۔ جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے ریاست کی نیت اور فتور واضح ہو چکا ہے۔انجینئر احسان اللہ خان نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کسی بھی غیر شفاف یا بغیر تحقیق کے بیانیے کو تسلیم نہیں کرتی۔ شہداء کے خون کے انصاف کے لیے ہمارا مطالبہ وہی ہے کہ ایک آزاد، بااختیار اور شفاف جوڈیشل کمیشن کا قیام عمل میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایسا کمیشن تشکیل نہیں دیا جاتا، اے این پی مولانا خانزیب شہید اور دیگر شہداء کے لیے انصاف کی جدوجہد جاری رکھے گی۔