باجوڑ کے تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام کا امن و امان کے حوالے سے مشترکہ اجلاس کا انعقاد ، حالیہ جنگ میں دونوں فریقین سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ
تفصیلات کے مطابق باجوڑ کے تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام کا مشترکہ اجلاس نوے کلے میں شیخ الحدیث مولانا ذاکر اللہ کے زیر نگرانی جامعہ مدینۃ العلوم نوے کلے میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے سابقہ سینیٹر و ضلعی امیر مولانا عبد الرشید ، قاری بخت بلند ، جماعت اشاعت التوحید والسنہ کے جانب سے شیخ القرآن مولانا عبد الجبار ، شیخ الحدیث مولانا محمد یوسف ، ناظم اعلیٰ مفتی طارق جمیل ، قاری سمیع الحق ، اہلحدیث کے جانب سے مولانا عنایت اللہ ، مولانا نوید ، تبلیغی جماعت کے جانب سے مولانا عبد المتین ، مولانا مسیح اللہ ، جماعت اسلامی کے جانب سے صاحبزادہ ہارون الرشید ، شیخ الحدیث مولانا فضل واحد ، مولانا وحید گل اور دیگر جماعتوں کے درجنوں علمائے کرام نے شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ جنگ نہ اسلام کے فائدے میں اور نہ پاکستان میں فائدے میں ہے ، عوامی املاک اور مساجد و مدارس کا نقصان ہو رہا ہے لہذا جرگہ فریقین سے مطالبہ کرتا ہے کہ اس جنگ کو فی الفور بند کریں۔
آئندہ جمعہ امن کے حوالے سے منایا جائے گا۔ علماء کرام امن کے موضوع پر بیانات کریں اور دعاؤں کا بھی اہتمام کریں۔
تیسرا اور اہم فیصلہ یہ ہوا کہ بہت جلد ضلع بھر کے سطح پر علمائے کرام کا گرینڈ جرگہ اور اجلاس بلایا جائے گا جس میں اہم فیصلے کیے جائیں گے