لاہور۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایک وزیر اعظم ایسا بھی آیا تھا جس نے بھارتی حملے کے جواب میں کہا تھا کہ میں کیا کروں؟۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس نے 40 سال صرف چندہ اکٹھا کیا ہو اس کو ملک کی باگ ڈور دے دی گئی تھی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ دنیا نے دیکھا کہ پاکستان نے دشمن کے دانت کھٹے کر دئیے ، پاکستان جب بھی مسلم لیگ ن کے حوالے ہوا، طاقت ور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 دھماکوں کے جواب میں پاکستان نے 6 ایٹمی دھماکے کیے بئی کے بھارتی حملے کے جواب میں وزیر اعظم شہباز شریف نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ بہادر مسلح افواج کے باعث پاکستان کا جھنڈا آج دنیا بھر میں سر بلند ہوا ہے، مسلم لیگ ن نے ملک سے دہشت گردی اور لوڈ شیڈنگ ختم کی ، ملک کے ہر بڑے منصوبے پر آپ کو مسلم لیگ ن کی مہر نظر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہو چکا، اب مزید انتہا پسندی ، نفرت یا انتشار کی کوئی گنجائش نہیں، ہندوستان اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے، قوم کو اپنے شہدا پر فخر ہے ملکی معیشت میں تاجر برادری کی حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے تحریک انصاف نے اپنے کارکنوں کو گالی گلوچ کا شعور دیا ، آئندہ دنوں میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔