راولپنڈی ۔سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی ہی فیصلہ کریں گے کہ کابینہ میں کن ارکان کو شامل کرنا ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح طور پر ہدایت دی ہے کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی مکمل طور پر آزاد ہیں اور اپنی مرضی سے کابینہ تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی ہی فیصلہ کریں گے کہ کابینہ میں کن ارکان کو شامل کرنا ہے، وزیراعلی خیبر پختونخوا کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی خیبر پختونخوا کو پنجاب میں وہ احترام نہیں دیا گیا جس کے وہ مستحق ہیں، ہم بانی سے ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔ سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ تو شہ خانہ ٹو کیس میں سلمان صفدر نے اپنے دلائل مکمل کر لئے ہیں، جبکہ استغاثہ نے صرف آدھے گھنٹے کا وقت مانگا ہے تا کہ وہ دلائل کا جواب دے سکیں۔ کیس کی سماعت اب 29 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی ہے۔