سرگودھا ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں، جلسے جلوسوں پر پابندی اور زبان بندی کر کے ریاست اپنی رٹ قائم کرنا چاہتی ہے۔ الیکشن میں دھاندلی ہو یا فارم 47 والے مسلط کر دیے جائیں عوام کے بولنے پر پابندی ہے۔ حکومت اور ریاست کی رٹ کے نام پر ذاتی اجارہ داریوں کے قیام کو تسلیم نہیں کریں، جماعت اسلامی نو جوانوں سے مل کر فرسودہ نظام کو پر امن مزاحمت کے ذریعے جڑ سے اکھاڑ پھینکے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں بنو قابل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت پاکستان کے زیر اہتمام بنو قابل پروگرام کے تحت فری آئی ٹی کورسز میں داخلہ کیلئے ہزاروں طلبا وطالبات نے امتجان دیا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان نے اعلان کیا کہ بنو قابل کا ابتدائی ہدف ملک بھر میں دس لاکھ بچوں کو کورسز کروانے کا تھا تا ہم اب تک اس پروگرام کیلئے گیارہ لاکھ بچوں نے رجسٹریشن کروادی، جوش و خروش اور جذبے کے پیش نظر فیصلہ کیا ہے کہ اب بنو قابل سے ہیں لاکھ بچوں کو تربیت فراہم کریں گے۔