باجوڑ۔افغان حملوں کی مذمت، باجوڑ کے شہریوں کا افواج پاکستان سے یکجہتی مظاہرہ کیلئے ریلی کا انعقاد ۔تفصیلات کے مطابق افغان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے باجوڑ کے قبائلی عمائدین اور مشران نے پاکستان کی سرحدوں پر ہونے والی جارحیت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا ۔ شرکائ نے سول کالونی خار میں احتجاجی ریلی نکالی اور پاک فوج کے حق میں نعرہ بازی کی۔ شرکائ سے خطاب کرتے ہوئے ملکانان ملک بہادر شاہ ، ملک سلطان یار ، ملک فضل ربی ، ڈپٹی کمشنر شاہد علی ، اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی اور دیگر نے کہا کہ افغانستان کو پاکستان کے امن اور خودمختاری کا احترام کرنا چاہیے۔ دونوں ممالک اسلامی بھائی ہیں، اس لیے ایک دوسرے کے خلاف نہیں بلکہ ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ افغانستان بھارت یا کسی بھی بیرونی قوت کے اشاروں پر پاکستان پر حملے بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اچھے تعلقات ہی خطے کے امن کی ضمانت ہیں، اس لئے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانا ضروری ہے۔افغان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے مشران نے افسوس کا اظہار کیااور کہا کہ معصوم بچوں، خواتین اور بوڑھوں پر حملے کسی بھی طور قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک اسلامی ملک ہے اور کلمہ طیبہ پڑھنے والے ملک سے ایسی توقع نہیں تھی۔ گزشتہ رات ہونے والا حملہ ایک سنگین غلطی تھی۔مقررین نے کہا کہ یہ وہ عوام ہے جو حالیہ آپریشن میں آئی ڈی پیز بھی بندے ہیں لیکن ملک کے ساتھ محبت کی خاطر اور وطن کی حفاظت کی خاطر وہ آج بھارت کے ایمائ پر افغانستان کے جارحیت کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔باجوڑ کے عوام نے خبردار کیا کہ آئندہ ایسے اقدامات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ افغانستان کو اپنے مؤقف پر نظرثانی کرنی ہوگی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھانا ہوگا۔