حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
سہیل آفریدی کی راہ میں رکاوٹیں، جنوبی وزیرستان لوئر میں پی ٹی آئی کی ہنگامی پریس کانفرنس۔ Home / لائف سٹائل /

سہیل آفریدی کی راہ میں رکاوٹیں، جنوبی وزیرستان لوئر میں پی ٹی آئی کی ہنگامی پریس کانفرنس۔

ایڈیٹر - 13/10/2025
سہیل آفریدی کی راہ میں رکاوٹیں، جنوبی وزیرستان لوئر میں پی ٹی آئی کی ہنگامی پریس کانفرنس۔

جنوبی وزیرستان لوئر کے مرکزی شہر وانا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے پارٹی کے صوبائی صدر جنید اکبر، ایم این اے زبیر خان وزیر اور ایم پی اے عجب گل وزیر کی ہدایات پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان کے نامزد کردہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے امیدوار محمد سہیل آفریدی کی راہ میں مبینہ رکاوٹوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

پریس کانفرنس کی قیادت سابق صوبائی اسمبلی امیدوار انجینئر لقمان وزیر نے کی، جبکہ اس موقع پر سینیئر رہنما صالح محمد، محمد نور خان وزیر اور پی ٹی آئی کے دیگر ضلعی رہنماء بھی موجود تھے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ محمد سہیل آفریدی قبائلی عوام کا نمائندہ ہے، اور اس کے وزیراعلیٰ بننے کے خلاف جو رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، وہ نہ صرف جمہوری اصولوں کے خلاف ہیں بلکہ قبائلی عوام کے مینڈیٹ کی توہین بھی ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سہیل آفریدی کی راہ میں سیاسی جماعتوں اور اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے منظم کوششیں کی جا رہی ہیں، جنہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

رہنماؤں نے واضح کیا کہ جنوبی وزیرستان لوئر کے تمام قبائل اور پی ٹی آئی کارکنان سہیل آفریدی کے حق میں متحد ہیں اور ان کے مینڈیٹ کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم قبائلی عوام کے حقوق کے لیے ہر وہ اقدام اٹھائیں گے جو آئینی، جمہوری اور سیاسی طور پر ضروری ہو۔

پریس کانفرنس میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ پی ٹی آئی قیادت عمران خان کے فیصلے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی، اور جنوبی وزیرستان کے عوام کو ان کا جائز حق دلانے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔