پشاور پولیس نے پرائیویٹ جرگوں پر پابندی عائد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صرف پولیس نگرانی میں جرگہ کی اجازت ہوگی ، پولیس کی سرپرستی کے بغیر کسی بھی قسم کے جرگوں پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں کیپٹل سٹی پولیس آفیسر پشاور ڈاکٹر میاں سعید احمد کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اکثر اوقات پرائیویٹ جرگے منعقد کیے جاتے ہیں جو کہ سراسر غلط ہیں، تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی جاتی ہے کہ آئندہ کیلئے کوئی بھی پرائیویٹ جرگہ کسی علاقے میں نہیں کیا جائے گا۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق علاقہ معزیزمین اور جرگہ مشران کو ہدایت کی جاتی ہے کہ کوئی بھی پرائیویٹ جرگہ مقامی پولیس کے تعاون کے بغیر نہیں کرے گا اور کوئی بھی اس میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس ضمن میں ایس ایس پی آپریشنز سمیت تمام ایس پیز کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ اکثر جرگوں میں لڑائی جھگڑوں اور فائرنگ کے واقعات بھی پیش آتے ہیں جس کی وجہ سے خونریزی ہوتی ہے، پولیس حکام نے ایسے واقعات کی تدارک کیلئے مذکورہ قدم اٹھایا ہے اور جرگہ سسٹم ریاستی ادارے کی نگرانی میں لایا گیا ہے تا کہ لوگوں کو تحفظ کے ساتھ ساتھ جرگہ فیصلوں میں شفافیت ممکن ہو سکے۔