ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس (ٹی یو جے) ضم اضلاع کے سالانہ انتخابات مکمل۔ حسبان اللہ صدر جبکہ محمد جمیل جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے۔ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس (ضم اضلاع) کے سالانہ انتخابات برائے سال 2025/2026مکمل ہوگئے۔ ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات کے سلسلے میں قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ وہ صحافی جو اپنے متعلقہ پریس کلب میں ووٹ ڈالنے سے قاصر تھے، ان کے لیے پشاور میں ایک خصوصی پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا تھا۔موصولہ نتائج کے مطابق کل 166 ووٹ کاسٹ کیے گئے، جس میں سے 21 ووٹ مسترد کر دیئے گئے۔ نتائج کے مطابق حسبان اللہ نے131 ووٹ لے کر صدر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ ان کے مدِمقابل محمد اسماعیل نے 14 ووٹ حاصل کیے۔جنرل سیکرٹری کے عہدے پر محمد جمیل 129 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مدِمقابل نور محمد بینوری نے 16 ووٹ حاصل کیے۔سینئر نائب صدر کے لیے شاکر اللہ مہمند نے 88 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کے مدِمقابل اسرار بنگش نے 29 ووٹ حاصل کیے۔پریس سیکرٹری کے عہدے پر محمد جواد 95 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ ان کے مدِمقابل محمد سلیم نے 45ووٹ حاصل کیے۔یاد رہے کہ شہید اورکزئی اور علی افضل افضال نائب صدر، دلدار حسین فنانس سیکرٹری، جبکہ رشید علی بلا مقابلہ جائنٹ سیکرٹری منتخب ہو گئے تھے۔الیکشن کمیٹی نے تمام کامیاب امیدواروں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین انور زادہ گل یار نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع سے تعلق رکھنے والے 166 صحافیوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔ سینئر صحافیوں اور سماجی شخصیات نے ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کے انتخابات کا جائزہ لیا۔حالیہ حالات کے پیش نظر صحافیوں کی سہولت کے لیے تمام قبائلی اضلاع کے پریس کلبوں میں مقامی صدور کی نگرانی میں پولنگ کا انعقاد کیا گیا۔ تاکہ صحافی اپنے آبائی پریس کلبوں میں ووٹ کاسٹ کرسکیں۔ اور اس عمل کو مانیٹر کرنے کے لئے مرکزی الیکشن کمیٹی نے پشاور نجی ہوٹل میں الیکشن سیل قائم کیا تھا۔ ضم اضلاع کے جن پریس کلبوں میں پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے۔ اس کے صدور کو پولنگ آفیسر کا درجہ دیا گیاتھا۔ پولنگ صبح 9 بجے سے شروع ہوئی اور دوپہر 3 بجے تک جاری رہا۔ ضم اضلاع کے جو صحافی پشاور میں رہائش پذیر ہیں انہیں پشاور مرکزی الیکشن آفس میں قائم پولنگ سٹیشن میں رائے دہی کا حق دیا گیا۔اس موقع پر نومنتخب صدر حسبان اللہ نے کہا کہ قبائلی صحافیوں نے مثبت اور غیرجانبدارانہ صحافت کو فروغ دے کر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ یہ صحافی ظلم جبر اور ناانصافی کے خلاف حق اور سچ کی آواز بنے رہے اور اپنی جانوں کی پروا ہ کیے بغیر عوام تک حقائق پہنچانے کے لیے کوشاں رہے۔ ہمیں ان کی قربانیوں پر فخر ہے اور ہم ان کے مشن کو ہر حال میں آگے بڑھائیں گے۔ صدر حسبان اللہ نے کہا کہ وہ قبائلی صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کریں گے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ٹی یو جے کی بحالی سے قبائلی علاقوں کے صحافیوں کو ایک نیا حوصلہ اور اعتماد ملے گا، اور وہ مزید جوش و جذبے کے ساتھ صحافتی خدمات سرانجام دیں گے۔انہوں نے اس بات کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا کہ قبائلی صحافیوں کو ہر فورم پر ان کے حقوق ملیں اور انہیں محفوظ اور آزاد ماحول میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے کا موقع فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور حکومت و دیگر متعلقہ اداروں سے بھی مطالبہ کریں گے کہ وہ قبائلی صحافیوں کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔