باجوڑمیں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام ،تحصیل ماموند کے مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والے بارودی مواد کو آج بم ڈسپوزل اسکواڈ نے سرکل ڈی۔ایس۔پی نیاز محمد کی نگرانی میں محفوظ مقام پر محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق، تخریب کار عناصر نے یہ بارودی مواد علاقے میں بدامنی پھیلانے اور کسی بڑے سانحے کی نیت سے مختلف مقامات پر نصب کیں تھے، تاہم پولیس اور بی۔ڈی۔ایس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے باعث نصب شدہ مواد کو کامیابی سے ریکور کرکے خدانخواستہ کسی بڑے نقصان سے علاقے کو محفوظ بنا لیا گیا۔
واضح رہے کہ بی۔ڈی۔ایس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، حوصلے اور مکمل حفاظتی اقدامات کے ساتھ کارروائی انجام دی، جس دوران کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق نے سرکل ڈی۔ایس۔پی نیاز محمد، بی۔ڈی۔ایس اسکواڈ اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کی بروقت کارروائی اور بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر وقت چوکس اور مستعد ہے۔
ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں پر مشکوک چیز نظر آئے تو خود چھیڑ چھاڑ کے بجائے فوراً پولیس کنٹرول روم 0942222244 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن ہو سکے۔