حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
وزارت کی بجائے عزت نفس کو ترجیح دی، فیصل ترکئی Home / سیاست /

وزارت کی بجائے عزت نفس کو ترجیح دی، فیصل ترکئی

ایڈیٹر - 04/10/2025
وزارت کی بجائے عزت نفس کو ترجیح دی، فیصل ترکئی

پشاور: خیبرپختونخوا کے سابق صوبائی وزیر فیصل ترکئی نے استعفیٰ کی وجہ بتادی، انہوں نے اپنی بے بسی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال میں نہ تو کوئی بھرتی کرسکا اور نہ ہی کسی تعیناتی میں اختیار تھا، وزارت کی بجائے عزت نفس کو ترجیح دی ہے، اس لئے بڑا قدم اٹھانا پڑا۔
سابق صوبائی وزیر ابتدائی تعلیم و ممبر صوبائی اسمبلی فیصل ترکئی نے صوابی میں ترکئی ہاؤس آمد پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے وزارت کو نہیں بلکہ اپنی عزت، نظریے اور عوامی اعتماد کو فوقیت دی ہے، الحمداللہ میں اپنی بات پر مضبوطی سے کھڑا ہوں، وزارت کے بجائے اپنی پگڑی اور وقار کو عزت دی، وزارت کی بجائے اپنی عزت نفس کو ترجیح دی ہے۔
فیصل ترکئی نے کہا کہ ان کے ساتھ کئی ساتھی پانچ سے چھ ماہ تک جیل میں رہے لیکن اس کے باوجود انہوں نے وزارت کے دوران کسی کو سفارش یا نوکری نہیں دی، انہوں نے بتایا کہ ڈیڑھ سال کی وزارت میں محکمہ تعلیم میں ایک کلاس فور کی نوکری کسی کو نہیں دی، نہ ہی عاقب اللہ نے آبپاشی میں کسی کو ملازمت دی، اگر ہمارے بس میں ہوتا تو کابینہ سے ایک سال پہلے ہی استعفیٰ دے دیتے مگر عوام کے لیے کھڑے رہے تاکہ یہ نہ کہا جائے کہ کوشش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ صوابی کے عوام، عمران خان اور پارٹی کی خواتین رہنماؤں کی آزادی کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور عوام کو بھی چاہیے کہ اس جدوجہد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، میں نے ڈیڑھ سال میں آپ کے ووٹ، اعتماد اور اختیارات کا سو فیصد خیال رکھا، اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ میں نہ کرپٹ ہوں اور نہ ہی چور۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں اصلاحات اور نئے اقدامات متعارف کرائے جن کی تفصیلات سوشل میڈیا پر موجود ہیں، ان کے مطابق کابینہ میں ان کی کارکردگی کا موازنہ کسی سے بھی کیا جا سکتا ہے، وہ بیرون ملک سے پڑھ کر آئے اور اپنی مٹی میں عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی پارٹی اور عمران خان کے وژن کے ساتھ مخلص ہیں اور مشن کی سو فیصد عکاسی کرتے ہیں، عمران خان کی کال پر ماضی میں کٹی پہاڑی میں وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑے تھے اور آج بھی ایک کال پر نکلنے کے لیے تیار ہیں۔