حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
3086 لیکچررز بھرتی کرنے کی صوبائی کابینہ سے منظوری Home / پاکستان /

3086 لیکچررز بھرتی کرنے کی صوبائی کابینہ سے منظوری

وزیر برائے اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا مینا خان آفریدی کی کوششیں رنگ لے آئیں، 3086 لیکچررز بھرتی کرنے کی صوبائی کابینہ سے منظوری

ایڈیٹر - 03/10/2025
3086 لیکچررز بھرتی کرنے کی صوبائی کابینہ سے منظوری

 خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز مینا خان آفریدی کی مسلسل کاوشیں کامیاب ہو گئیں۔

 صوبائی کابینہ نے محکمہ اعلیٰ تعلیم کے کالجز میں تدریسی عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے 3086 نئے لیکچررز کی بھرتی کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔مینا خان آفریدی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ اقدام بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق ہے، جس کے تحت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے انہیں باعزت روزگار فراہم کیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ایک طرف کالجز میں معیاری تدریس کے لیے تدریسی عملہ دستیاب ہوگا تو دوسری جانب ہزاروں اہل نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

وزیر برائے اعلیٰ تعلیم نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت نے جامعات کو مالی طور پر خودمختار بنانے کے لیے گرانٹس میں کئی گنا اضافہ کیا ہے، تاکہ تعلیمی ادارے مالی مشکلات کے بجائے تحقیق اور تدریس پر اپنی توجہ مرکوز رکھ سکیں۔ ان کے بقول، حکومت تعلیم کے فروغ کو صوبے کی ترقی اور خوشحالی کی کنجی سمجھتی ہے اور اسی لیے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات اور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ایک اور اہم فیصلے کے تحت صوبائی کابینہ نے یہ بھی منظور کیا کہ ایسوسی ایٹ ڈگری ہولڈرز کو اب ملازمتوں میں اپلائی کرنے کی اجازت ہوگی۔ جہاں کہیں بھی ملازمت کے لیے بی اے کی ڈگری کی شرط رکھی جائے گی وہاں ایسوسی ایٹ ڈگری ہولڈرز بھی اس کے اہل تصور کیے جائیں گے۔ اس حوالے سے تمام اشتہارات میں بی اے کے ساتھ ایسوسی ایٹ ڈگری کو بھی اہلیت کی شرط میں شامل کیا جائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کو تعلیمی ماہرین نے خوش آئند قرار دیا ہے کیونکہ اس سے نہ صرف ایسوسی ایٹ ڈگری کی افادیت بڑھے گی بلکہ طلبہ کو مزید مواقع بھی میسر آئیں گے۔مینا خان آفریدی نے کہا کہ 3086 لیکچررز کی بھرتی کا عمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا۔ اس سے صوبے کے ڈگری کالجز میں کئی برسوں سے جاری تدریسی عملے کی کمی ختم ہو جائے گی اور طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا خواب حقیقت میں بدل سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات صوبائی حکومت کی تعلیم دوست پالیسیوں اور نوجوانوں کے مستقبل کے تحفظ کے عزم کا عملی ثبوت ہیں۔ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے مزید انقلابی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ خیبرپختونخواہ کے نوجوان ملک و قوم کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں۔