امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کے کال پر گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف خار بازار میں احتجاجی مظاہرہ منعقد کیاگیا۔ مظاہرین نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت،گلوبل صموڈ پلوٹیلا پر حملہ ، مشتاق احمد خان کی گرفتاری اور امریکہ کے خلاف نعر ے لگائے۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ ز اٹھارکھے تھے جس پر اسرائیلی جارحیت ،گلوبل صمود فلوٹیلا پر حملے کیخلاف اور فلسطینی عوام سے یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ مظاہرے میں جماعت اسلامی کے علاوہ جے یو آئی ، پی ٹی ائی اور اشاعت التوحید کے رہنماوں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرے سے جماعت اسلامی باجوڑ کے آمیر صاحبزادہ ہارون الرشید ، جے یو آئی کے مولانا طارق ، حاجی اکبر جان ، اشاعت التوحید کے مفتی احسان الحق ،جماعت اسلا می کے رہنماوں حاجی میاں صاحب الرحمان ، مولانا رشید احمد ، مولانا ثناء اللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ ہم غزہ کے نہتے بچوں اور معصوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اسرائیلی جارحیت اور عالمی برادری کی خاموشی انسانیت کے نام پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلوٹیلا پر غیر قانونی حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے جسے ہر فورم پر بے نقاب کرنا ضروری ہے۔ مقررین نے مشتاق احمد خان کی گرفتاری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد مظلوم فلسطینی عوام کی آواز ہے جسے دبایا نہیں جاسکتا۔
احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف عملی اقدامات کریں اور مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کریں۔مقررین نے عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ فلسطین کے نہتے عوام پر بمباری اور قتلِ عام انسانیت کے ضمیر کے لیے ایک کڑا امتحان ہے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مسلم اُمہ کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے فلسطینی عوام کی عملی مدد کرنی چاہیے تاکہ مظلوموں کی آواز دنیا بھر میں موثر انداز میں پہنچ سکے۔