پشاور ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں پٹرول کی قیمتیں بڑھانا اس جعلی حکومت کی سفاکیت اور عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ پٹرول بم کا مطلب ہے ہر چیز پر مہنگائی کا نیا طوفان۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں پٹرول صرف 150 روپے فی لیٹر تھا جبکہ آج عوام کو دوگنی قیمت پر بھی ریلیف میسر نہیں۔ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں اس قدر بڑھا دی گئی ہیں کہ غریب کیلئے چولہا جلانا بھی ناممکن ہو چکا ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی وفاقی حکومت نے عوام کو بھوک، افلاس اور فاقہ کشی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ آٹا، چینی، گھی اور دالیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں اور لوٹ مار میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مہینے بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم کی انتہا ہے اور اس ظلم کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اگر یہ جعلی حکومت عوام کے زخموں پر وار کرتی رہی تو عوامی طوفان اس حکومت کو بہا کر لے جائے گا۔