حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
مایوس کن آغاز ، چیمپن ٹرافی کے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست Home / کھیل /

مایوس کن آغاز ، چیمپن ٹرافی کے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست

مایوس کن آغاز ، چیمپن ٹرافی کے پہلے میچ میں پاکستان کو شکست

  چیمپئینز ٹرافی کے پہلے میچ میں ڈیفینڈنگ چیمپئین پاکستان نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ  60 رنز سے ہار گیا۔ گرین شرٹس 321 رنز کے ٹارگٹ کا تعاقب کرنے نکلے تو ابتدائی دس اوورز میں دو وکٹیں گرنے سے ہی ہانپ گئے، 260 رنز پر آل ٹیم آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کے  خوشدل شاہ 69 رنز اور بابر اعظم 64 رنزبنا سکے۔

چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کی میزبان پاکستان ٹیم کو 60 رنز سے شکست دے دی۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کےلیے 321 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں قومی ٹیم 260 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔  

پاکستان ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز بابر اعظم اور سعود شکیل نے کیا۔  سعود شکیل 19 گیندوں پر 6 رنز بنا کر 8 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ کپتان محمد رضوان کی صورت میں گری، کپتان 14 گیندوں پر 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

تیسری وکٹ پر بابر اعظم اور فخر زمان نے کچھ مزاحمت کی، تاہم انجری مسائل سے دوچار فخر 24 رنز بنا کر بریسویل کی گیند پر 69 کے مجموعے پر بولڈ ہوگئے۔ 

چوتھی وکٹ پر سلمان علی آغا نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ٹیم کو 127 کے مجموعے تک پہنچایا، تاہم چھکا لگانے کی کوشش میں سلمان کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 28 گیندوں پر 42 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کو کو پانچویں وکٹ بھی جلد ہی مل گئی، 128 کے مجموعے پر طیب طاہر ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ 

کیوی بولرز کے سامنے بابر اعظم 64 رنز تک مزاحمت دکھا سکے۔ وہ سینٹنر کی گیند پر اونچا شاٹ لگانے کی کوشش میں 153 کے مجموعے پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔  

ساتویں وکٹ پر شاہین آفریدی اور خوش دل شاہ کے درمیان 47 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم شاہین 200 کے مجموعے پر 14 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

خوشدل شاہ نے ایک جانب اپنا لاٹھی چارج جاری رکھا لیکن وہ 49 گیندوں پر 69 رنز بنا کر 229 کے ٹوٹل پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 

آخری دو وکٹوں پر پاکستان نے 31 رنز جوڑے۔ حارث رؤف نے 19 جبکہ نسیم شاہ نے 13 رنز بنائے جبکہ قومی ٹیم 48ویں اوور میں 260 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے ول او رورکی اور مچل سینٹنر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میٹ ہینری نے دو جبکہ مائیکل بریسویل اور نیتھن اسمتھ نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ول ینگ اور ٹام لیتھم کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 320 رنز بنائے۔

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا، پہلے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں پاکستان کی جانب سے میگا ایونٹ کا پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کروایا جبکہ دوسرے اینڈ سے دوسرا اوور نسیم شاہ نے کیا۔

پاکستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری جب ڈیون کونوے 10 رنز بنا کر ابرار حمد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ 

ایک رن بعد ہی نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 40 رنز پر گر گئی، اس مرتبہ تجربہ کار کین ولیمسن کو ایک رن پر نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔

 بعدازاں فاسٹ بولر حارث رؤف نے 17ویں اوور میں نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 73 رنز پر حاصل کی، انہوں نے 10 رنز پر ڈیرل مچل کو کیچ آؤٹ کروایا۔

اس دوران اوپنر وِل ینگ نے ایک اینڈ سنبھال کر اچھی بیٹنگ کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور وہ 113 گییندوں پر 107 رنز کی اننگز کھیل کر 191 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ 

پانچویں وکٹ ٹام لیتھم اور گلین فلپس کے درمیان دھواں دار پارٹنرشپ بنی، اس دوران لیتھم نے بھی اپنی سنچری جبکہ فلپس نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ 

ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے پانچویں وکٹ پر 75 گیندوں پر 124 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ گلین فلپس 39 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ نیوزی لیند نے 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ 50 اوورز میں 320 رنز بنائے۔ 

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو دو جبکہ ابرار احمد نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔