پشاور( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور افغانستان کے درمیان وہیل چیئر کرکٹ سیریز 2025 کا پہلا ٹی 20 میچ فلڈ لائٹس میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کر لی۔
پاکستان ٹیم کی کامیابی میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے نمایاں کردار ادا کیا۔ پاکستان اسکواڈ میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے کل سات کھلاڑی شامل ہیں جن میں ایاز خان، گوہر آفریدی، مثل خان، سعید خان، شاہ فیصل، زوار حسین اور ساجد خان شامل ہیں۔
ان کھلاڑیوں نے بہترین ٹیم ورک اور عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ بیٹنگ میں پاکستان کی طرف سے اوسامہ نے سب سے زیادہ 66 رنز بنائے اور بالنگ میں عمران آرائیں نے 4 اوورز میں - 17 رنز دے کر5وکٹس حاصل کرکے مین آف دی میچ رہے۔مزید برآں، ٹیم مینجمنٹ میں زوار نور بھی شامل ہیں جو ماضی میں ایشین چیمپئن وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے منیجر رہ چکے ہیں۔ ان کا تجربہ اور رہنمائی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سیریز کا یہ شاندار آغاز پاکستان ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کے ساتھ ساتھ معذور کے حامل ل افراد کے لیے کھیلوں میں آگے بڑھنے کے مواقع کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے اس میچ میں نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا بلکہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیا کہ حوصلہ، عزم اور محنت کے ساتھ کوئی بھی رکاوٹ ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔