جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ اسلامی دنیا کی وحدت اور امت مسلمہ کے اتحاد کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے میں چیئر مین سینیٹ یوسف رضا گیلانی ، ڈپٹی چیئر مین سینیٹ سید آل خان ناصر، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور متعدد سیاسی و مذہبی شخصیات شریک ہوئیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسلامی بلاک کا قیام روز اول سے جے یو آئی کے منشور کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرے گا اور اسلامی مقدسات کے تحفظ،امت مسلمہ کے اتحاد اور اجتماعی سلامتی کے مضبوط استون کی حیثیت رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مسلم امہ کی قیادت کی بھر پور صلاحیت موجود ہے اور یہ معاہدہ امت مسلمہ کے مفادات کے ایک ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے دعا کی کہ اللہ تعالی اس مبارک قدم کو امت مسلمہ کے اتحاد، اسلامی ممالک کے تعاون اور ملت اسلامیہ کی نشا ثانیہ کا ذریعہ بنائے۔ سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے فکر مند رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اس دفاعی معاہدے پر مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ یہ معاہدہ اسلامی دنیا کے درمیان کہتی ،قریبی تعاون اور اتحاد کی نئی بنیا درکھتا ہے۔