ایم پی ایز کو 50 کروڑ ، ایم این ایز کو 10 اور صوبائی الیکشن ہارنے والوں کو 15 کروڑ کے منصوبے جمع کرنے کی ہدایت
خیبر پختونخوا حکومت نے پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی کو 50 کروڑروپے کے ترقیاتی منصوبے ضلعی انتظامیہ کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کردی ہےجبکہ ممبران قومی اسمبلی 10 کروڑ روپے کے منصوبے تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت کے ذرائع کے مطابق چند ماہ قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی آمین گنڈاپور کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی کو رواں مالی سال میں ترقیاتی فنڈز دینے کا وعدہ کیا گیا تھا اسی تناظر میں تمام اضلاع کی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے ممبران صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے جمع کرائیں تاکہ انہیں متعلقہ فورمز سے منظور کرایا جاسکے ۔ذرائع کے مطابق جن صوبائی حلقوں سے پی ٹی آئی کو شکست ہوئی ہے اور اپوزیشن کے ممبران منتخب ہوئے ہیں، انہیں 15 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی کو 10 کروڑ روپے جبکہ جن حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدوار قومی اسمبلی کا الیکشن ہارگئے ہیں انہیں 5 کروڑ روپے کے منصوبے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے تحصیل چیئرمین کو 5 کروڑ اور سٹی مئیر کو 10 کروڑ روپے کے منصوبے تجویز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔