حسبان میڈیا - Hasban Media Logo
ڈپٹی کمشنر فٹسال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام Home / کھیل /

ڈپٹی کمشنر فٹسال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام

ڈپٹی کمشنر فٹسال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام

 

خیبرپختونخوا حکومت کے "عوامی ایجنڈا" کے تحت ضلع باجوڑ میں نوجوانان کے لیے فٹسال ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔ باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ ڈپٹی کمشنر فٹسال ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوا، اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خار ڈاکٹر صادق علی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر باجوڑ تاج محمد وزیر، اور فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کرکے سنسنی خیز مقابلے سے بھرپور لطف اٹھایا۔

ضلعی انتظامیہ اور ضلعی اسپورٹس آفس باجوڑ کے تعاون سے منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں ملاکنڈ ڈویژن کے 36 فٹبال کلبوں نے حصہ لیا۔ فائنل میچ باجوڑ اکیڈمی اور نیشنل کلب کے درمیان کھیلا گیا، جو انتہائی سنسنی خیز اور کانٹے دار رہا۔ مقررہ وقت تک مقابلہ برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔ باجوڑ اکیڈمی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین صفر سے کامیابی حاصل کی اور ڈپٹی کمشنر فٹسال ٹورنامنٹ 2025 کی ٹرافی اپنے نام کر لی۔

اختتامی تقریب میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان نے نوجوانوں کی کھیلوں میں دلچسپی اور ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر آرگنائزنگ کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے فاتح ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی اور ونر ٹیم کو 40 ہزار، رنر اپ ٹیم کو 30 ہزار، جبکہ آرگنائزنگ کمیٹی کو بھی 30 ہزار روپے کے نقد انعامات سے نوازا۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ رمضان المبارک میں بھی ایسے ٹورنامنٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ آخر میں انہوں نے محکمہ اسپورٹس باجوڑ اور آرگنائزنگ کمیٹی کو شاندار ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی