پشاور (حسبان میڈیا رپورٹ)
حکومتِ خیبرپختونخوا نے صوبے کے 12 خصوصی اضلاع میں طویل عرصے سے غیر حاضر رہنے والے 1916 اساتذہ کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں تمام متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (ڈی ای اوز) کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ غیر حاضر اساتذہ سے تین روز کے اندر باقاعدہ تحریری وضاحت طلب کریں۔
یہ اہم فیصلے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نامزد اضلاع یحییٰ اخونزادہ کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے، جس میں تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی حاضری اور تدریسی معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اضلاع کے لحاظ سے غیر حاضر اساتذہ کے اعداد و شمار
اجلاس میں پیش کی گئی سرکاری رپورٹ کے مطابق 12 خصوصی اضلاع میں غیر حاضر اساتذہ کی مجموعی تعداد 1916 ہے، جن میں 1042 خواتین اور 874 مرد اساتذہ شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ غیر حاضری شمالی وزیرستان میں ریکارڈ کی گئی جہاں 419 اساتذہ ڈیوٹی سے غائب پائے گئے۔ دیگر اضلاع کی تفصیل درج ذیل ہے:
کیڈر کے مطابق تفصیلات اور سیکرٹری تعلیم کا مؤقف
سرکاری دستاویزات کے مطابق غیر حاضر اساتذہ میں سب سے بڑی تعداد پرائمری اسکول ٹیچرز (PST) کی ہے جو 620 بنتی ہے، جبکہ 288 پرائمری اسکول ہیڈ ٹیچرز (PSHT) بھی ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ مزید برآں غیر حاضر اساتذہ کی فہرست میں 153 سی ٹی (CT) اور 121 ایس ایس ٹی جنرل (SST General) اساتذہ بھی شامل ہیں۔
اجلاس میں سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر قاسم نے تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی اس قدر بڑی تعداد میں غیر حاضری پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ غیر حاضر اساتذہ قوم کے معماروں اور بچوں کے مستقبل سے کھیل رہے ہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔